یمن میں عرب فوجی اتحاد کی کارروائیوں میں 390 سے زائد حوثی باغی ہلاک

Yemen Military

Yemen Military

صنعا (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں اتحادیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں مختلف کارروائیوں میں 390 سے زائد حوثی مارے گئے ہیں۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ماریب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 سے زائد حوثی جنگجو مارے گئے اور 19 فوجی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

علاوہ ازیں عرب اتحاد نے جنوبی صوبے شبوا میں بھی حملے کے دعویٰ کیے جس کے نتیجے میں 240 حوثی ہلاک اور 25 فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ وہ آئند چند روز میں حملوں سے متعلق ثبوت پیش کریں اور بتائیں گے کہ ملیشیا حدیدہ اور سلف کی بندرگاہوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

عرب اتحاد نے مزید کہا کہ حدیدہ بندرگاہ ایرانی بیلسٹک میزائلوں کی اسمگلنگ کا مرکز بن چکی ہے۔

عرب اتحاد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے جھنڈے والے بحری جہاز کو اتوار کے روز مسلح حوثیوں نے یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ سے ہائی جیک کر لیا تھا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ’تشویش‘ کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے اور خطے کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔