یوٹیوب پر عائد پابندی فوری ختم کی جائے، سینیٹ کمیٹی، لاپتہ افراد کیلیے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ

Youtube Access Denied

Youtube Access Denied

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے حکومت کو یوٹیوب پر عائد پابندی فوری طور پر ہٹانے کی سفارش کر دی جبکہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم کو جلد بازیابی کیلیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جمعے کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین افراسیاب خٹک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کے کراچی سے اسلام آباد کی جانب رواں لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان اوران سے یکجہتی کے اظہار کے لیے بلوچستان کے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وزیراعظم کو خط بھجوانے کافیصلہ کیا۔

کمیٹی کے اراکین کو یوٹیوب پر عائد پابندی کے حوالے سے قائم قام چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ مذکورہ پابندی شرانگیز وڈیو چلنے کے بعد حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کی روشنی میں لگائی تھی۔

انھوں نے انٹرنیٹ پر قابل اعتراض اور شرانگیز مواد کی روک تھام کے حوالے سے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قابل اعتراض مواد کی 100 فیصد روک تھام ممکن نہیں۔ اس حوالے سے سعودی عرب، ترکی، ایران،متحدہ عرب امارات سمیت 14 اسلامی ممالک کے آئی ٹی نظام کا جائزہ لیا گیا لیکن قابل اعتراض مواد کی سو فیصد روک تھام وہ بھی نہیں کرسکتے۔