پاکستان : (جیو ڈیسک) وزیراعظم کی توہین عدالت کیس کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ آج فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا آخری دن ہے۔
یہ فیصلہ ذرائع کے مطابق اس بنیاد پر کیا گیا ہے۔کہ وزیراعظم کو جو سزا سنائی گئی تھی وہ وزیراعظم کاٹ چکے ہیں۔ اس سزا کے نتیجے میں سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے مطابق وزیراعظم نا اہل نہیں ہوئے اس لئے تفصیل میں جانا حکومت کے لئے فائدہ مند نہیں نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ شب اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہونے والے اس فیصلے کے نتیجے میں وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن کو اپیل کرنے سے روک دیا گیا تھا جو فیصلے کے خلاف اپیل کا مسودہ تیار کر چکے تھے۔ اعتزاز احسن کے تیار کردہ اپیل میں ایک سو پچاس اعتراضات شامل تھے جس میں سو اعتراضات سپریم کورٹ کے شارٹ آرڈ کے خلاف اور جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اضافی نوٹس کو بھی ہدف بنایا گیا تھا۔