آئے روز دہشتگردی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان

اسلام آباد(جی پی آئی)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ آئے روز دہشت گردی کے اندونہاک واقعات حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، دہشتگردوں کو گرفتار کرنے میں کون سی رکاوٹ ہے، عوام کو حقائق سے کیوں آگاہ نہیں کیا جارہا، ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، کراچی میں علمائے کرام کا قتل اور سانحہ ہنگو ملک میں اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے، وحدت کا علم بلند رکھیںگے۔

کارکنوں سے خطاب ہفتہ کے روز شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ سانحہ ہنگو نہ صرف شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بلکہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آئے روز دہشت گردی کی واقعات سے ثابت ہوگیا کہ عملاً ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، دہشت گرد سرعام دندناتے پھرر ہے ہیں مگر ان گرفتا ر نہیں کیا جاتا ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو اصل حقائق سے کیوں آگاہ نہیں کیا جارہا اور انہیں کیوں نہیں بتایا جارہاکہ ملک میں انارکی و افراتفری پھیلانے میں کون سی ملک دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ایک سازش کے تحت حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے مگر یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے دونوں اطراف کے اہم رہنمائوں ، علمائے کرام سمیت معصوم افراد کو قتل کرنا بھی اسی مذموم سازش و مکروہ فعل کا حصہ ہے لیکن ہم اتحاد و وحدت کے علم کو ہمیشہ بلند رکھیںگے اور اس سازش کو ناکام بنادینگے۔

انہوںنے کہاکہ چند روز قبل قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ہفتہ وحدت پورے ملک میں منایاگیا اور میلاد کے جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و محبت کا بڑا ثبوت دیاگیا جوکہ ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کوناگوار گزرا جس کے باعث اس طرح کی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر انہوںنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پرامن احتجاج ان کا حق ہے۔

انہوںنے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہاہے اور مزید ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔بعدازاں انہوںنے سانحہ ہنگو میں جاں افراد کی بلندی درجات ، زخمیوں کی صحت یابی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ شریک ہے۔