آج کے پر فتن دور میں حیات طیبہ پر عمل کر کے ذلت و رسوائی سے بچا جا سکتا ہے

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آج کے پر فتن دور میں حیات طیبہ پر عمل کر کے ذلت و رسوائی سے بچا جا سکتا ہے دین سے دوری کے باعث ایٹم اور بڑے بڑے میزائل ہونے کے باوجود مسلمان پستی میںگرتے جا رہے ہیں ذلت و رسوائی ہمارا مقدر کیوں بن رہی ہے اس پر غور کرنا ہو گا مسلمان اللہ کے دین کیساتھ چمٹ جائیں انشاء اللہ یہ دین آپ کو کبھی بھی ڈوبنے نہیں دے گا۔

سنی ٹرسٹ نے حیات طیبہ پر کوئز مقابلہ منعقد کر کے بچوں کے قلب و دماغ میں جو حسین ذخیرہ بھرا ہے اس پر سنی ٹرسٹ کے منتظمین خراج تحسین کے مستحق ہیں اس کا انعام اللہ تعالیٰ کی ذات ہی دے گی ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ضلع قاضی کوٹلی مفتی محمد اویس اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوھردی محمد اشرف نے سنی ٹرسٹ بھمبر کی طرف سے منعقدہ حیات طیبہ کوئز مقابلہ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے معاشرہ کے اندر سکولز میں انگریزی تعلیم پر زور دیا جا رہا ہے جبکہ اسلامی اور دینی تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے یہی وجہ ہے کہ نئی نسل اپنے دینی افکار و تمدن سے دور ہوتی جا رہی ہے آج کے پروگرام میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ پر سوالات اور گفتگو شامل ہے ایسی محافل کا انعقاد ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ وہی محافل اچھی اور خوبیوں والی ہوتی ہیں جس میں اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی باتیں ہوں انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نیکی کا نام لیکر کئے جانیوالا کام دین نہیں بلکہ اللہ کے نزدیک حسین و جمیل اور خوبیوں والی وہی محفل ہوتی ہے۔

جس میں انبیاء کرام ،صحابہ کرام اور دین کی عظمت کی باتیں ہوں اس موقع پر سیرت طیبہ کوئز مقابلہ میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اور دیگر نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات میں مہمان خصوصی نے اسناد اور شیلڈ تقسیم کیں تقریب سے سرپرست اعلیٰ سنی ٹرسٹ مفتی ظفر اقبال، نگران اعلیٰ قاری محمد صدیق،مولانا تنزیل الرحمن، مولانا ابرارنے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں قاری محمد حسین، صدر کشمیر پریس کلب بھمبر راجہ نعیم گل، قاری صلاح الدین ، جاوید اقبال برسالوی ، حافظ شجاع الرحمن، صدر معلم چوہدری خورشید احمد، چوہدری عتیق الرحمن برسالوی، ماسٹر محمد شفیق، ماسٹر محمد اعظم، چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، ذوالفقار حسین، مشتاق احمد کاشر، سیکرٹری جنرل کشمیر پریس کلب بھمبر ملک شوکت حسین سمیت طلباء و طالبات کے والدین ، شہریوں، اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔