آٹے کی قیمتوں میں اضافہ زرعی ملک کے عوام کیلئے پریشان کن ہے،شبیر قاضی

کراچی (جی پی آئی )ملک زرعی ہونے کے باوجود اجناس سے محروم ہیں اور قیمتیں تقریباً آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ان خیالات کا اظہار نظام مصطفی پارٹی کے رہنما اور سوشل جسٹس فورم کے مرکزی چیئرمین شبیر احمد قاضی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکدم سے گندم اور دوسری اجناس کی آزادانہ سپلائی ہونی چاہیے جس کے تحت چکی کے مالکان کو گندم اور دوسری اجناس کی فراہمی آزادانہ پالیسی کے تحت کی جائے تو مشکلات پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے گندم اور آٹے کی وجہ سے عوام الناس میں جو پریشانی ہوتی ہے وہ بھی ختم ہوجائے گی۔

لہٰذا ہماری حکمت عملی جو ایک زرعی ملک کی حیثیت سے ہونی چاہیے وہ ہمیں بنانے کی ضرورت ہے اور اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کرانا چاہیے ہم گندم کو ایکسپورٹ کر رہے تھے اور اب ہمارے یہاں گندم کی خود کمی ہوگئی ہے عوام میں بے انتہا ہیجان اور پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔

محکمہ خوراک کو چاہیے کہ آٹے کیلئے گندم کی فراہمی آزادانہ پالیسی کے تحت کرے تاکہ آٹے کی قیمتیں بھی نہ بڑھیں اور قلت بھی نہ ہو ہمارے صاحب ثروت احباب کو چاہیے کہ خدارا ملک میں ایسی صورتحال پیدا نہ کریں کہ کھانے پینے کی اشیاء میں شدیدقلت پیدا ہو جائے۔فیکٹریوں کے مالکان کو محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے گندم فراہم نہ کرنے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جسے قابو کرنا از حد ضروری ہے۔