شاہ فیصل ٹاؤن میں فیملی پارکوں کو سرسبز اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا آغاز

کراچی (محمد ارشد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ آلودگی سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے ،بلدیاتی ادارے سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ تحفظ ماحولیات کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کراکر صحت مند معاشرے کے قیام کو یقینی بنائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن میں سرسبز معاشرے کے قائم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ اور فیملی پارکوں میں عوام کو فراہم کی جانے والے سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محکمہ سالڈ ویسٹ ،باغات اور الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ پارکوں کی تعمیر و مرمت ، تزئین و آرائش پر مکمل توجہ دی جائے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل ٹائون میں صاف ستھرے ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے گلیوں ، محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ پارک پلے گراؤنڈز اور گرین بیلٹس پر صفائی وستھرائی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ پارکوں میں روشنی کے انتظامات کی بہتری یقینی بنا ئی جائے اور پارک میں عوام خصوصاً بزرگوں اور بچوں کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔

مختلف پارکوں میں موجود عوام سے گفتگو کرتے ہوئے نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے اپیل کی شاہ فیصل ٹاؤن میں قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے اقدامات میں اداروں سے تعاون کریں زیادہ سے زیادہ سرسبز ماحول کے قیام کے لئے پودے لگا ئے جائیں اور سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی کے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں علاقائی ترقی ، صاف ستھرے معاشرے کے قیام کے ساتھ سرسبز ماحول کو فروغ دینے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عوامی سہولیات کی فراہمی اور شاہ فیصل ٹاؤن کو شہر کا خوبصورت ٹاؤن بنانے کے لئے چورنگی ، چوراہوں ،گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کا کام تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے اور انشا اللہ بہت جلد شاہ فیصل ٹاؤن کے تمام علاقوں کو سرسبز بنا کر عوام کو آلودگی سے پاک مثالی معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔