اردن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی

human rights watch

human rights watch

اردن : (جیو ڈیسک) انسانی حقوق کے ایک عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اردن میں حکام عوام کے اظہارِ رائے کی خلاف ورزی اور اصلاحات کی کوششوں پر عوامی اعتماد کو تہہ و بالا کر رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی بین الاقومی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ جراسا نیوز ویب سائٹ کے پبلشر اور ایک صحافی پر الزام لگایا گیا کہ وہ سرکاری نظام کو نقصان پہنچا رہے تھے۔ یہ الزامات اس مضمون کے بعد لگائے گئے تھے جس میں اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ کی جانب سے بدعنوانی کے ایک کیس کی تحقیقات کے دوران مبینہ مداخلت کی نشاندہی کی گئی تھی۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اردن میں یہ اس طرح کا پانچواں واقعہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سحرالمحتسب اور جمال المحتسب دونوں بھائی جراسا نیوز کے لیے کام کرتے تھے اور ان پر تئیس اپریل کو الزامات عائد کیے گئے۔ ان دونوں بھائیوں نے ایک مضمون پر کام کیا جس میں پارلیمنٹ کے ایک رکن کا حوالہ دیا گیا تھا جس نے کہا تھا کہ شاہ عبداللہ نے پارلیمانی کمیٹی کو ہدایات جاری کیں تھیں کہ بدعنوانی کے الزامات کے تحت ایک سابق وزیر کا کیس عدالت نہ بھیجا جائے۔ استغاثہ نے دونوں بھائیوں پر ریاست میں سرکاری نظام کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا اور یہ ایسا الزام ہے جو اردن کے فوجداری قوانین کی شق ایک سو اننچاس کے زمرے میں آتا ہے اور اس میں قیدِ بامشقت کی سزا ہو سکتی ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کے مشرقِ وسطی کے سینئر تحقیق کار کرسٹوف وِلکے کا کہنا ہے جب صحافیوں کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے روکا جا رہا ہو تو ایسی صورتحال میں اردن جمہوری اصلاحات متعارف کرانے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔