اسرائیل: فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال جاری

Israel Palestinian

Israel Palestinian

اسرائیل : (جیو ڈیسک) اسرائیل میں جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ تیرہ سو سے زائد فلسطینی قیدی گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل انتظامی حراست اور قیدِ تنہائی کی اپنی متنازع پالیسی کو ختم کرے۔ فلسطینی قیدیوں کی حراست اور قیدِ تنہائی اکثر کئی ماہ تک جاری رہتی ہے۔

خیال ہے کہ اِس وقت اسرائیل کی جیلوں میں پانچ ہزار سے زائد فلسطینی قید ہیں جن میں اکثر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق شدت پسند گروپوں سے ہے جبکہ سینکڑوں ایسے قیدی بھی ہیں جنہیں بغیر کسی مقدمے کے غیر معینہ مدت کے لیے قید میں رکھا جا رہا ہے۔ فلسطینی قیدیوں نے غیر معینہ حراست کے خلاف اور جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے آٹھ روز قبل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔

اسرائیل کے جیل کے حکام نے بتایا تھا کہ تیرہ سو پچاس فلسطینی قیدی اب بھی کھانے سے انکار کر رہے ہیں جبکہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم پریزن سپورٹ گروپ کے مطابق قیدی پانی اور نمک کا استعمال کر رہے ہیں۔اسرائیل جیل سروس کے مطابق جن قیدیوں نے بھوک ہڑتال کی ہے ان میں سے اکثریت کا تعلق حماس، پاپولر رزسٹنس کمیٹی اور اسلامک جہاد سے ہے اور انہیں اسرائیل کے جنوبی علاقوں کی جیلوں میں رکھا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکام بھوک ہڑتالیوں کو سزا کے طور پر ان کے خاندان والوں سے ملنے نہیں دے رہے اور ان افراد کو دوسرے قیدیوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل نے ان قیدیوں کے ساتھ غیر مناسب سلوک کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ماضی میں بھی اس طرح کی بھوک ہڑتال سے نمٹ چکا ہے اور آئندہ  بھی نمٹ لے گا۔