افغانستان: مشتبہ حملہ آور کی تلاش جاری

Hamid Karzai

Hamid Karzai

افغانستان میں حکام نے کہا ہے کہ وہ ایک مقامی انٹیلی جنس افسر کو تلاش کر رہے ہیں جس پر شبہ ہے کہ اس نے کابل میں وزارتِ داخلہ کے کمانڈ سینٹر میں دو امریکی افسران کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
پچیس سالہ انٹیلی جنس افسر کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے تعلیم پاکستان میں حاصل کی تھی۔
کرنل اور میجر عہدے کے امریکی افسروں کی ہلاکت ایسے وقت ہوئی جب بگرام ایئر بیس پر قرآن کی بے حرمتی کے خلاف افغانستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔
چھ روز سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران 30 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
افغان صدر حامد کرزئی نے اتوار کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں لوگوں سے پر امن رہنے کی اپیل کو دہرایا ہے۔
اب جب کہ ہم اپنے جذبات کا اظہار کر چکے ہیں، پر امن رہنے کا وقت آ گیا ہے۔
افغان وزارتوں میں تعینات اتحادی افواج کے اہلکاروں کو ہفتے کو پیش آنے والے واقعہ کے بعد کام بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حفاظتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا۔
افغان طالبان نے وزارتِ داخلہ میں پیش آنے والے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ قرآن کو نذر آتش کرنے کا انتقام تھا۔
امریکی صدر براک اوباما اور دیگر عہدے دار قرآن کی بے حرمتی پر معذرت کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود افغانستان اور ہمسایہ ملک پاکستان میں اس واقعے کے خلاف احتجاج میں کوئی خاص کمی نہیں آئی ہے۔
بین الاقوامی اتحاد قرآن کی بے حرمتی کی جامع تحقیقات کر رہا ہے، تاہم اب تک اس بارے میں کوئی مفصل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔