الزبتھ ٹیلر کا سونے کا تاج 37 ہزار پونڈ میں نیلام

Elizabeth taylor

Elizabeth taylor

ڈیلاس : (جیو ڈیسک) ساٹھ کی دہائی میں ہالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم قلوپطرہ میں دکھایا گیا ملکہ کا سونے کا تاج امریکی ریاست ڈیلاس میں سینتس ہزار پونڈ میں نیلام کردیا گیا۔ فلم میں یہ تاج ماضی کی حسین ترین اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے سر کی زینت بنا تھا۔ انیس سو تریسٹھ میں آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے والی بلاک بسٹر فلم قلو پطرہ میں الزبتھ ٹیلر سونے کا بنا تاج سر پر سجا کر روم میں داخل ہوئی تھیں۔ تب بھی فلمی حلقوں میں سونے کے اس تاج کی دھوم تھی، اور آج بھی اس کی قدروقیمت میں کوئی کمی نہیں آئی۔

سونے کے اس تاج کو ایک خاتون نے انیس سو ستر میں خریدا، اور اپنی زندگی میں کسی کو اس کی جھلک تک نہ دکھائی۔ لیکن اس کے گزر جانے کے بعد اسکی بیٹی نے اسے فروخت کردیا۔ ڈیلاس میں نیلامی کے بعد اس خاتون کا کہنا تھا کہ وقت آگیا تھا کہ اس تاج کو دنیا کے سامنے لے آیا جائے۔