امریکہ: پنشن کا نظام مالی بحران کا شکار

obama

obama

امریکہ:(جیو ڈیسک)بزرگ امریکی شہریوں کو پنشن کی ادائیگی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے امریکی حکومت کے منصوبوں کو ان دنوں مالی خسارے کا سامنا ہے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کانگریس کی جانب سے ان منصوبوں میں بعض تبدیلیاں نہ کیے جانے کی صورت میں بزرگ شہریوں کو دی جانے والی سہولیات میں کمی کی جاسکتی ہے۔امریکی حکومت کے ماہرین جلد ‘سوشل سیکیورٹی’ یا سماجی تحفظ’ کے ان منصوبوں کے مالی معاملات سے متعلق ایک رپورٹ جاری کرنے والے ہیں جس میں صحتِ عامہ کے منصوبے ‘میڈی کیئر’ کی صورتِ حال کا جائزہ بھی شامل ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ آیا ان منصوبوں کو درپیش مالی مشکلات میں کمی آئی ہے یا ان میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ برس پنشن کے نظام کے منتظمین نے کہا تھا کہ ‘سوشل سیکیورٹی’ کے ٹرسٹ کے پاس موجود رقم 2036 میں ختم ہوجائے گی۔ ماہرین کے بقول اگر ایسا ہوا تو اس مدت کے بعد ٹرسٹ کو اپنے اخراجات پورا کرنے کے لیے صرف تنخواہوں پر نافذ مخصوص ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم پر انحصار کرنا ہوگا۔

ماہرین کے بقول یہ رقم ٹرسٹ کے اخراجات کے لیے ناکافی ہوگی جس کے باعث اسے اپنی خدمات میں ایک چوتھائی کمی کرنا پڑے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بزگ شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے منصوبے ‘میڈی کیئر’ کے پاس موجود رقم 2024 میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد اسے بھی اسی قسم کی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق اس مسئلے کی وجہ جنگِ عظیم دوم کے بعد جنم لینے والی نسل کا غیر معمولی تعداد ہے جس کے اب ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے کے باعث پنشن اور دیگر سہولیات کے طلب گار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نسل کے بعد پیدا ہونے والی دیگر نسلیں محدود خاندانوں پر مشتمل ہیں جس کے سبب ان کی آمدنیوں پر نافذ ٹیکس سے خاطر خواہ رقم اکٹھی نہیں ہوپارہی ہے۔اس صورتِ حال کے باعث منصوبہ سازوں کو ٹیکسوں میں اضافے، سہولیات میں کمی یا بیک وقت دونوں اقدامات کرنے جیسے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔