انتخابات موخر کرنے کی سازش ناکام بنا دیں گے، نواز شریف

nawaz sharif

nawaz sharif

لاہور(جیوڈیسک)مسلم ن کے صدرمیاں نوازشریف نے کہاہے کہ عام انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کی گئی تو ن لیگ اس کی راہ میں دیوار ثابت ہوگی۔ رائیونڈ میں ملتان کے سابق ناظمین کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ انتخابات کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کی سازش خود فریبی ہے۔انتخابات موخر کرنے کا کسی کے ذہن میں منصوبہ ہے تو وہ نکال دے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف فوری شفاف اور آزادانہ انتخابات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں نہ ہوتے تو زرداری حکومت کئی بحران پیدا کر چکی ہوتی ۔ زرداری حکومت کا ہر دن ملک و قوم پر بھاری ہے ۔ معاشی بحران لوڈشیڈنگ مہنگائی اور غربت نے عام آدمی کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے انتخابی منشور میں معاشی ترقی توانائی بحران کے حل اور غربت کے خاتمے کا جامع منصوبہ بنا لیا ہے۔