اگلا وزیراعظم، اتحادی جماعتیں مخدوم شہاب پر راضی

Makhdoom Shahabuddin

Makhdoom Shahabuddin

پاکستان : (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمی سے نااہلی کے فیصلے کے بعد ایوان صدر میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے لیئے مخدوم شہاب الدین کے نام پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ اجلاس میں صدرزرداری، یوسف رضا گیلانی ،چوہدری شجاعت، بابرغوری، حیدرعباس رضوی، قمر زمان کائرہ، منیر اورکزئی نے شرکت کی۔

ایوان صدر سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کی نااہلی کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا,اعلامیہ کے مطابق وزارت عظمی کے لئے کسی نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور اس بارے میں مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ،اجلاس میں تجویز دی گئی کہ موجودہ صورتحال پر قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔

ذرائع کے مطابق احمد مختار کے نام پر مسلم لیگ ق کی قیادت نے تحفظات کا اظہار کیا اور اتحادی جماعتوں میں مخدوم شہاب الدین کے بطور وزیراعظم نام پر اتفاق پایا گیا ۔ایوان صدر کے مطابق نئے وزیر اعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لئے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام چار بجے ایوان صدر میں ہورہا ہے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فیصلہ کیاگیاکہ قومی اسمبلی میں نیا قائد ایوان لانے کے حوالے سیحتمی فیصلہ صدر آصف زرداری کریں گے ۔ چوہدری شجاعت حسین نے اس حوالے سے تجویز دی جس کی باقی اتحادی رہنماوں نے حمایت کی۔ ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔