ایشیائی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا

Oil

Oil

ایشیائی مارکیٹ: (جیو ڈیسک) ایشیائی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا، نیویارک کے لائٹ سویٹ خام تیل کے ستمبر کے لئے سودے 13 سینٹس کمی کے ساتھ 90.00 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے بھی اسی ماہ کے لئے پانچ سینٹس اضافے کے ساتھ106.52 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانسیسی صدر فرانسو اولاند یورو منصوبے کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرچکے ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کو محتاط امید ہے کہ امریکی اقتصادی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے رواں ہفتے فیڈرل ریزرو کی جانب سے تازہ پرجوش اقدامات سامنے آئیں گے۔ آئی جی مارکیٹس سنگاپور کے جیسن ہگس کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے یورپ اور امریکہ کے مرکزی بینک کے اجلاسوں پر زیادہ تر توجہ مرکوز ہے۔

اس ہفتے زیادہ تر اثاثوں کی قیمتوں میں کمی کے خطرے کا رجحان زیادہ نظر آرہا ہے۔ یورپین مرکزی بینک کی گورننگ کونسل کا جمعرات کو معمول کے مطابق ماہانہ اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت ہونے جارہا ہے جب سرمایہ کاروں کی نظریں لگی ہوئی ہیں کہ آیا اس کے سربراہ ماریو دراغی اپنے اس وعدے پر پورا اتر سکیں گے کہ وہ یورو کو بچانے کے لئے جو ممکن ہو سکا کریں گے۔ ہگس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ دراغی نے گزشتہ ہفتے بڑی بات کی تھی لیکن اس حوالے سے شکوک و شبہات برقرار ہیں کہ آیا وہ اصل میں کچھ کرسکتے ہیں یا کریں گے۔