ایف سی کو پولیس کے اختیارات ، کائرہ اور رئیسانی کو کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت

Raja Pervez Ashraf

Raja Pervez Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نے بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلیے ایف سی کو پولیس کے تمام اختیارات دینے کا حکم دے دیا۔ راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر اطلاعات کو کوئٹہ جبکہ وزیراعلی بلوچستان کو فوری وطن واپس پہنچنے کی بھی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم سے ملاقات میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان حکومت کی درخواست پر ایف سی کو پولیس کے تمام اختیارات دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو صوبائی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی جبکہ گورنر اور چیف سیکرٹری کو کوئٹہ کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے اور مسلسل رابطے میں رہنے کا حکم دیا۔

وزیر اعظم نے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے زخمیوں کو کوئٹہ سے کراچی منتقلی کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کو کوئٹہ جبکہ وزیراعلی بلوچستان کو دبئی سے فوری وطن واپس پہنچنے کی بھی ہدایت کر دی۔ وفاقی حکومت نے کوئٹہ کے شہداء کے ورثا کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کے ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔