بجلی کا بحران حکومت کا خود ساختہ ہے: نوازش علی شیخ

لالہ موسیٰ: اینٹی لوڈشیڈنگ کمیٹی کے کنوینئر اور راہنما تحریک انصاف ضلع گجرات نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بجلی کا بحران حکومت کا خود ساختہ ہے۔مشرف دور سے شروع ہونے والے بحران میں موجودہ حکومت نے کمی کی بجائے مزید اضافہ کیا ہے۔وفاقی وزارت پانی و بجلی کا نام بدل کر اب وزارت لوڈشیڈنگ کر دینا چاہیے۔عوام کو چاہیے کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجودہ ایم این اے اور ایم پی اے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔وفاقی و صوبائی حکومت میں موجود لوگ ہی بجلی کے بحران کے ذمہ دار ہیں۔وفاقی حکومت نے تو ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت ملک دشمنی اور عوام دشمنی کا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔لوڈشیڈنگ،مہنگائی، بے روزگاری اور عدم تحفظ کا شکار عوام اب تبدیلی کے شدید خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ لوڈشیڈنگ نے لالہ موسیٰ میں ہونے والے تاریخی احتجاج کی یاد تازہ کر دی ہے۔حکمران ہوش کے ناخن لیں ورنہ اس مرتبہ احتجاج میں خواتین بھی شامل ہوں گی اور انکے ہاتھوں میں جوتوں کے ساتھ ساتھ بیلن اور چمچے بھی ہوں گے۔