بلاول بھٹو آئندہ انتخابات میں اپنی والدہ کی نشست پر الیکشن لڑیں گے

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

سکھر(جیوڈیسک)بلاول بھٹو زرداری آئندہ انتخابات میں اپنی والدہ کی نشست پر الیکشن لڑیں گے جس پر اس حلقہ کے ووٹرز نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 207 پر بھٹو خاندان کا راج رہا ہے۔ سردار واحد بخش بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو اور انکے بعد محترمہ بینظیر بھٹو نے اس حلقے سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔ لاڑکانہ 4 نوڈیرو اور رتودیرو کے علاقوں پر مشتمل ہے۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی کم عمری کے باعث صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اس حلقے سے انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

این اے 207 میں بلاول کے الیکشن لڑنے کے فیصلے پر حلقہ کے مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حلقہ کے عوام نے ہمیشہ بھٹو خاندان کی حمایت کی اور اب ایک بار پھر وہ بلاول کو جتوائیں گے۔