نیٹو افواج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر افغانستان میں تباہ

black hawk helicopter

black hawk helicopter

افغانستان : (جیو ڈیسک) امریکی فوجی حکام کے مطابق افغانستان کے جنوب مغربی حصے میں نیٹو افواج کا ایک ہیلی کاپٹر جس پر چار افراد سوار تھے حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ بلیک ہاک ساخت کے اس ہیلی کاپٹر پر سوار چار افراد کے بچ جانے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں دشمن کی کارروائی بھی بعید از قیاس نہیں ہے لیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ موسم کی خرابی ہے۔ اس ہیلی کاپٹر میں کوئی برطانوی فوجی سوار نہیں تھا اور کہا یہ جا رہا ہے کہ یہ چاروں فوجی امریکی تھے۔

ایساف کے فوجی حکا نے کابل میں ذرائع کو بتایا کہ جائے حادثہ پر حفاظتی دستے پہنچ گئے ہیں اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ نیٹو کی اصطلاح میں حادثہ ملک کے جنوب مغربی علاقے میں ہوا جس میں نمروز اور ہلمند کے صوبے آتے ہیں۔افغانستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثات ہوتے رہتے ہیں لیکن ان کا دشمن کی فائرنگ کی زد میں آنا ایک غیر معمولی بات ہے۔اس سال مارچ میں کابل میں ایک گھر پر ہیلی کاپٹر گرنے سے بارہ ترک فوجی اور دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ جنوری میں ہلمند میں ہیلی کاپٹر کے گرنے سے چھ امریکی فوجی مارے گئے تھے۔

مشرقی افغانستان میں اگست دو ہزار گیارہ میں امریکی فوج کے خصوصی دستوں میں شامل تیس فوجی اور چھ افغان اہلکار شنوک ہیلی کاپٹر کے دشمن کے راکٹ کا نشانہ بننے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے۔