بم حملے میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک

quetta security

quetta security

بلوچستان کے علاقے تربت میں فرنٹیئر کور کے ایک قافلے پر ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے میں ایف سی کی ایک گاڑی بھی تباہ ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو فرنٹیئر کور کا ایک قافلہ تربت سے مند جارہا تھا کہ راستے میں ناصرآباد کے مقام پر سڑک کے کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے دھماکہ ہوا۔
دھماکے سے ایف سی کے دواہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال تربت منتقل کردیاگیا اور واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرعلاقے کی ناکہ بندی کر لی۔ تاہم آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی اور نہ ہی کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے ایف سی پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔