بھارتی سپریم کورٹ نے نامزد آرمی چیف کا ریکارڈ طلب کرلیا

bikram singh

bikram singh

بھارت : (جیو ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ نے نامزد بھارتی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل بکرم سنگھ کی بطور آرمی چیف نامزدگی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے یہ حکم نامزد آرمی چیف کی نامزدگی سے متعلق پیدا ہونے والے تنازعات کے بعد دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل بکرم سنگھ پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جعلی مقابلوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔ عدالت اس بات کی بھی تحقیقات کرے گی کہ بکرم سنگھ کی بطورآرمی چیف نامزدگی سے قبل نامزدگی کمیٹی نے الزامات کے بارے میں چھان بین کی تھی یا نہیں۔ عدالت نے بکرم سنگھ کا سروس ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔

عوامی مفاد کی تنظیم نے چار اپریل کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں بکرم سنگھ کی بطور آرمی چیف نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست میں بکرم سنگھ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے کانگو میں امن مشن کے دستے کے سربراہ کے طور پر دستے میں شامل جنسی زیادتیوں کے مرتکب بھارتی فوجیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ بھارت کی مرکزی حکومت نے بکرم سنگھ پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔