بھمبر میں اسلحہ ڈیلروں کی بھرے بازاروں کے اندر اسلحہ چیکنگ کی آڑ میں سرعام ہوائی فائرنگ قابل مذمت ہے

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبر میں اسلحہ ڈیلر وں کی بھرے بازاروں کے اندر اسلحہ چیکنگ کی آڑ میں سرعام ہوائی فائرنگ قابل مذمت ہے گزشتہ دنوں خالد آرمز میرپور چوک کی دوکان سے بازار میںسر عام فائرنگ سے بے گناہ نوجوان کی موت اسلحہ ڈیلروں کی من مانی اور بد معاشی اور لاقانونیت کا شاخسانہ ہے ڈپٹی کمشنر بھمبر اور ایس پی بھمبر اسلحہ ڈیلروں کی دوکانیں شہر سے باہر شفٹ اور سرعام اسلحہ چیکنگ کے نام پر ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائیں ان خیالات کااظہار سیرلہ کی سیاسی و سماجی شخصیات راجہ مہندی علی خان ،راجہ طارق ،راجہ ولید پاشا ،راجہ محمد آصف نمبردار ،شفقات احمد ،راجہ مظہر اقبال ،راجہ عرفان ،ملک عامر شہزاد اور دیگر نوجوانوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں MLAچوہدری طارق فاروق کے بھائی کی میرپور چوک میں اسلحہ کی دوکان پر اسلحہ چیکنگ کی آڑ میں ہونے والی فائرنگ سے بے گناہ نوجوان طالبعلم کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے اس سے قبل بھی مذکورہ دوکان سے سیاسی اثر رسوخ کے گھمنڈ پر خطر ناک آتشین اسلحہ سے سرعام ہوائی فائرنگ ہوتی رہتی ہے انتظامیہ اور پولیس کے اہلکاران سب کچھ دیکھتے ہوئے بھی حقائق سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں جسکی وجہ سے افسوس ناک واقعہ پیش آیا مذکورہ خالد اسلحہ ڈیلر کی دوکان جو MLAچوہدری طارق فاورق کے چھوٹے بھائی کی ملکیت ہے میں اسلحہ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا موجود نہ ہونا انتظامیہ کی کھلی غفلت کا نتیجہ ہے اور دوکان مالکان کے بااثر ہونے کی بناء پر انتظامیہ یا پولیس نے کبھی نوٹس نہیں لیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طیب اور ایس پی بھمبر سراد الیاس سے مطالبہ ہے کہ شہر میں قائم قاتل اسلحہ ڈیلر شاپس کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور اسلحہ ٹیسٹنگ لیبارٹری نہ رکھنے اور ان دوکانوں پر سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف بھرپور کاروای عمل میں لائی جائے ۔