تلہ گنگ میانوالی روڈ پر موضع بدھڑ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے سکول وین کو ٹکر مار دی

تلہ گنگ (تحصیل رپو ر ٹر)تلہ گنگ میانوالی روڈ پر موضع بدھڑ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے سکول وین کو ٹکر مار دی،ایک طالبہ جاں بحق ،سات شدید زخمی۔تفصیلات کے مطابق اکیڈمی آف ایکسی لینس کی طالبہ سکول سے چھٹی کر کے اپنی سوزوکی پک اپ جب تلہ گنگ میانوالی روڈ پر موضع بدھڑ موڑ پر رکی تو میانوالی سے تلہ گنگ کی جانب آنے والے تیز رفتار ٹریلر نے اْس کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار ڈھوک بازہ کی طالبہ صبیحہ دختر محمد طارق موقع پر جاں بحق، عشرت بی بی ،بشریٰ بی بی ،شازیہ بی بی ،نورین، محمد جلیل،محمد داؤد،حمزہ اسلم اور ڈرائیور محمد عزیز ولد وہاب خان سکنائے ڈھوک بازہ شدید زخمی ہو گئے۔

جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔جبکہ مذکورہ موڑ پر آئے روز حادثات سے تنگ عوام نے ٹریلر سوزوکی حادثہ کے بعد روڈ بلاک کر دیا۔بین الصوبائی یہ روڈ بند ہونے سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔