جماعت اسلامی کے تحت یکجہتی کشمیر ریلی آج نکالی جائے گی، لیاقت بلوچ قیادت کرینگے

کراچی(جی پی آئی)مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے ‘نہتے کشمریوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف اورکشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آج شام 4 بجے جیل چورنگی تا مزار قائد عظیم الشان یکجہتی کشمیرریلی نکالی جائے گی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کریں گے۔

ریلی سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ کشمیر تاریخی جغرافیائی اورمذہبی لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے اس پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا کر ظلم و ستم کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ‘کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہے کشمیریوں کو آزادی کا حق دئیے بغیر کبھی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کشمیر ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔