حکومت آزادکشمیر کی ٹرانسپورٹروں کیساتھ بدمعاشی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔چوہدری محمد بشیر

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت آزاد کشمیر کی ٹرانسپورٹروں کیساتھ بد معاشی کسی صورت قبول نہیں کرینگے 17دسمبر کو پورے آزادکشمیر کے اندر پہیہ جام ہڑتال کرینگے وزیر حکومت قمرالزمان کے وعدے بدنیتی پر مبنی تھے اب کوئی مذاکرات مطالبات کی منظوری تک نہیں ہوں گے ان خیالات کا اظہار آل آزادکشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے مرکزی وائس چیئرمین چوہدری محمد بشیر نے کشمیر پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ یونین نے گزشتہ ماہ آزادکشمیر بھر میں ٹول ٹیکس ،ٹوکن ٹیکس ،رجسٹریشن فیس ،ٹرانسفر فیس سمیت دیگر ٹیکسز میں ہوشربا اضافے کیخلاف ہڑتال کی کال دی تھی جس پر حکومت نے یونین نمائندگا ن کیساتھ مذاکرات کرکے ہڑتال کی کال واپس لی تھی اور وزیر حکومت سردار قمر الزمان نے حکومت کیطرف سے نمائندگی کرتے ہوئے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن صد افسوس کہ اس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں بے وقوف بنایا ہے قمرالزمان بد نیت شخص ہیں انہوں نے دھوکہ دہی سے ہمارے مطالبات کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کی ہے قمرالزمان نے خود تجاویز مرتب کیں لیکن ان پر کسی قسم کا عملدرآمد نہ کروایا انہوں نے کہاکہ اب پانی سروں سے گزر چکا ہے آل آزادکشمیر ٹرانسپورٹ یونین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اب کو ئی مذاکرات مطالبات کی منظوری تک نہیں ہوںگے 17دسمبر کو پورے آزادکشمیر کے اندر مکمل پہیہ جام ہو گا انتظامیہ کی گاڑیوں سمیت کسی قسم کی ٹرانسپورٹ نہیں چلنے دیں گے البتہ آرمی کی گاڑیاں اورایمبولینس اس سے مستثنیٰ ہوں گی انہوں نے کہاکہ ہماری ہڑتال پر امن ہو گی لیکن اگر حکومت اور انتظامیہ نے کوئی رکاوٹ ڈالی تو حالات کی تمام تر خرابی کی ذمہ داری حکومت وقت پر ہو گی انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری حکومت پاکستان کے نمائندے ہیں ہمارا ن سے مطالبہ ہے کہ وہ ہمارے جائز مطالبات کا نوٹس لیں اگر حکومت ٹیکسز کی کمی کیلئے اقدمات اٹھائے تو آل آزادکشمیر کے ٹرانسپورٹر پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر ٹرانسپورٹ کے کرایے کم کر دیں گے اور اگر حکومت کیطرف سے کوئی مثبت جواب نہ آیا تو دما دم مست قلندر ہو گا اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ٹرانسپورٹ یونین حاجی غفور ،نائب صدر ممبر اعظم ،صدر پبلک ٹرانسپورٹ راجہ تصدق مہدی ،سیکرٹری مالیات چوہدری خالد لاٹ ،راجہ اقبال سیکرٹری نشرو اشاعت ،تحصیل صدر چوہدری محمد عارف کاکا ،چوہدری محمد اکبر ،راجہ خاور مہدی ،راجہ شمیم اختر بھولا اور دیگر بھی موجود تھے۔