خام تیل کی قیمت 96 ڈالر فی بیرل کی سطح پر

oil

oil

امریکا: (جیو ڈیسک) امریکی خام تیل کے ذخائر بائیس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں آج مسلسل چھٹے روز بھی کمی دیکھی جارہی ہے اور خام تیل کی فی بیرل قیمت چھانوے ڈالر پچہتر سینٹ پر آگئی۔

نیویارک مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت میں مسلسل چھ روز سے گراوٹ دیکھی جارہی ہے جس کے بعد خام تیل کی فی بیرل قیمت چھبیس سینٹ کمی کے بعد چھانوے ڈالر پچہتر سینٹ ہوگئی۔

امریکن پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کے ذخائر ایک ہفتے کے دوران اٹہتر لاکھ بیرل بڑھ گئے اور اس اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے امریکی خام تیل کے ذخائرسینتیس کروڑ اسی لاکھ بیرل کی سطح پر پہنچ گئے جو بائیس سال کی بلند ترین سطح ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک جانب یونان میں سیاسی تبدیلی کے بعد کی صورتحال نے عالمی معیشت پر دباؤ بڑھا دیا ہے تو دوسری جانب امریکی خام تیل کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے کے سبب خام تیل کی قیمت میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔