خیبر پختوانخوا: لوڈشیڈنگ کے خلاف پرتشدد مظاہرے، متعدد افراد گرفتار

load shedding protest

load shedding protest

خیبر پختونخوا(جیوڈیسک)خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے تنگ لوگوں نے پر تشدد مظاہرے کئے ہیں۔ کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بے حال شہریوں نے پشاور، امانگڑھ، نوشہرہ، صوابی، مردان، منگورہ، شانگلہ، چارسدہ اور دوسرے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے بعض گرڈ اسٹیشنز پر بھی حملے کئے اور توڑ پھوڑ کی۔اتوار کی رات امانگڑھ میں مشتعل مظاہرین نے پولیس سے اسلحہ چھین کر یرغمال بنا لیا ۔ انہوں نے پیسکو ملازمین کی رہائشی کالونی پر بھی دھاوا بول دیا ۔ پیر کی صبح مظاہروں کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔

پشاور کے نواحی علاقے اچینی میں مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی جبکہ پشاور اسلام آباد موٹر وے بھی سینکڑوں مظاہرین نے بلاک کر دی ۔ پشاور سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ اٹھارہ گھنٹوں تک جا پہنچا ہے جبکہ نیشنل گرڈ اسٹیشن سے دس دس منٹ بعد بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ اکثر علاقوں میں کم وولٹیج کے باعث برقی آلات ناکارہ ہو گئے ہیں۔