خیرپور ٹریفک حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی

khairpur

khairpur

خیر پور : (جیو ڈیسک) خیر پور کے قریب زائرین کی بس اور کار میں ٹکر کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ حادثہ خیر پور کی تحصیل سوبھو ڈیرو کے علاقے رسول آباد میں پیش آیا،جہاں حضرت لال شہباز قلندر کے عرس سے واپس آنے والی 130 زائرین سے بھری بس آگے جانے والی کار سے ٹکراگئی۔

ٹکر سے کار میں لگا سی این جی سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بس اور کار کو آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑدیا۔

زخمیوں کو گمبٹ ،ہنگورجا اور رانی پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کا کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نشے میں لگتا تھا جس سے پہلے بھی گاڑی بے قابو ہوچکی تھی۔ حادثے کے فورا بعد ڈرائیورفرار ہوگیا۔