دو ، دو سرکاری گھر رکھنے والے افسران کی فہرست طلب

Public Accounts Committee

Public Accounts Committee

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی نے دو ، دو سرکاری گھر رکھنے والے افسران کی فہرست طلب کرلی ہے اور پلاٹ الاٹمنٹ کی غلط فہرست دینے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی ہے۔

پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین ندیم افضل چن کی زیرصدارت ہوا جس میں گریڈ بائیس کے افسران کو اضافی پلاٹ کی الاٹمنٹ کے معاملے پر غور کیا گیا۔ سیکریٹری ہاوسنگ نے بتایا کہ گریڈ بائیس کے افسران کو دو پلاٹ دینے کی منظوری دو ہزار چھ میں اس وقت کے وزیراعظم نے دی تھی۔

آڈیٹر جنرل کا کہنا تھا کہ اکثر سرکاری افسران نے سرکاری پلاٹ پر گھر بنائے اور کرایہ پر دیدیے ، اور خود سرکاری گھر میں رہتے ہیں۔ کمیٹی نے ایسے افسران کے ساتھ ان افسرا ن کی فہرست بھی طلب کی جنہوں نے الاٹ شدہ پلاٹوں کو بہتر سیکٹرز میں تبدیل کروایا ، اجلاس میں ججز اور بیوروکریٹس کو اضافی پلاٹ الاٹمنٹ کی پیش کردہ تفصیلات میں غلطی کی نشاندہی بھی کی گئی ۔

کمیٹی چیئرمین ندیم افضل کے مطابق جسٹس زاہدحسین اور بیوروکریٹ معین الاسلام نے بتایا ہے کہ انہیں 2 پلاٹ نہیں ملے۔