ذوالفقار مرزا کو نظر بند نہیں کیا گیا۔ شرجیل میمن

sharjeel memon

sharjeel memon

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کو نظر بند نہیں کیا گیا ہے بلکہ ان کے گھر کی سیکورٹی بڑھائی ہے۔ کراچی میں سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ پر اچانک رات گئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا اور مختلف افواہیں گشت کرنے لگیں۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیفنس میں واقع ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے گھر کے باہر دس سے پندرہ کے قریب پولیس کی موبائلیں اچانک پہنچ گئیں اور گھر کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعداد میں بھی اچانک اضافہ کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ہدایت ملی ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے گھر پر سیکورٹی کے اطمینان بخش انتظامات نہیں ہیں انہیں بہتر بنایا جائے۔ جس پر پولیس کی نفری ان کے گھر پہنچی ہے اور پولیس اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ذوالفقار مرزا کے گھر آنے اور جانے والے راستوں پر پولیس کی نفری تعینات تھی۔ پولیس حکام کا یہی اصرار تھا کہ یہ تمام انتظامات سیکورٹی کی بنیاد پر ہیں۔