رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ : مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی

vegetables

vegetables

اسلام آباد(جیوڈیسک)رمضان المبارک کے پہلے ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق کم آمدنی والے افراد کے لئے قیمتوں کے حساس اعشارئیے (ایس پی آئی)میں 0.83فیصد ، آٹھ ہزار تا بارہ ہزار روپے آمدنی والے افراد کے لئے قیمتوں کے حساس اعشارئیے میں 0.82فیصد جبکہ بارہ تا اٹھارہ ہزار روپے آمدنی والوں کے لئے ایس پی آئی میں 0.83فیصد اور اٹھارہ تا پینتیس ہزار روپے والے گروپ کیلئے بھی قیمتوں کے حساس اعشارے میں 0.82فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

اسی طرح پینتیس ہزار سے زائد آمدنی والے افراد کے لئے قیمتوں میں کمی کی شرح 0.73فیصد رہی، اعدادوشمار کے مطابق زندہ چکن ، آٹا، چائے، ٹماٹر اور دالوں سمیت 12اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ روٹی، گوشت، سگریٹ، پٹرول ، ڈیزل سمیت 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور کیلے، لہسن، ایل پی جی، آلو، گندم، انڈوں اور دودھ سمیت 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔