رینجرز اہلکار قتل کیس : خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز سمیت تمام ملزم بری

Maulana Abdul Aziz

Maulana Abdul Aziz

راولپنڈی(جیوڈیسک)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے رینجرز اہلکار قتل کیس میں لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیر سمیت تمام ملزم بری کر دیئے۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمان نے فیصلہ سنایا ۔فیصلے میں مولانا عبدالعزیز سمیت تمام ملزمان کو بری قرار دیا گیا ہے۔ مولاناعبدالعزیز سمیت بیس ملزمان کے خلاف تین جولائی2007 کو رینجر اہلکار مبارک زین اور 8 طلبا کے قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔مولانا عبدالعزیز پر اشتعال آمیز تقاریر کرکے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کروانے کا الزام تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران 18 گواہوں کیبیانات قلمبند کیے گئے۔

فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ انہوں نے تقاریر میں رینجرز کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔صرف مشرف کی پالیسیوں پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا فیصلہ ظالمانہ تھا۔ہم نے ہمیشہ حق و صداقت کی آواز بلند کی ہے۔ پاکستان کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نفاذ میں ہے۔