سپریم کورٹ شہریوں کے حقوق کی مکمل ضامن ہے، چیف جسٹس

Iftikhar Muhammad Chaudhry

Iftikhar Muhammad Chaudhry

سپریم کورٹ : (جیو ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ آئین ایک مکمل دستاویز ہے جس میں تمام سوالوں کے جواب دیئے گئے ہیں۔ ریاست کا ہر عنصر آئینی حدود میں رہتے ہوئے مکمل طور پر اپنی آزادی استعمال کرسکتا ہے۔یوتھ پارلیمنٹ کے پچاس رکنی وفدسے ملاقات میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست کے قانونی اداروں میں سپریم کورٹ سب سے اعلی اور فیصلہ کن حیثیت کا حامل ادارہ ہے۔ سپریم کورٹ شہریوں کے حقوق کی مکمل ضامن ہے۔ پارلیمنٹ کا کام عوام کی بہبود کے لیے آئین کے مطابق قانون بنانا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آئین میں عوام کے جن حقوق کی ضمانت دی گئی ہے،ان حقوق کی فراہمی کیلئے عدالت عظمی مناسب احکامات جاری کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں، جو مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ حوصلہ مند اور پرامید نوجوان مستقبل کی جمہوریت کے حقیقی رہنما ثابت ہوں گے۔