سینیٹ،دہری شہریت کا معاملہ قائمہ کے سپرد

Senate

Senate

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سینیٹ میں پیش کیا گیا دہری شہریت کا ترمیمی بل اے این پی اور مسلم لیگ نون کے تحفظات پر قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ رضا ربانی اور اعتزاز احسن نے بھی دہری شہریت کے خلاف بیانات دیئے۔

حکومت نے دہری شہریت کا بل سینیٹ میں پیش کر دیا۔ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہے تو وہ سیاست میں حصہ کیوں نہیں لے سکتے۔

حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کا بل اہم شخصیات کے تحفظ کیلئے لایا جارہا ہے۔ ظفر علی شاہ نے کہا کہ دہری شہریت پر ترمیم اہم تھی تو پہلے قومی اسمبلی میں لائی جاتیں۔

عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے دہری شہریت بل کے خلاف سینیٹ سے واک آوٹ کیا۔

رضا ربانی نے کہا کہ امریکی شہریت کے حلف میں ضرورت پڑنے پر امریکا کیلئے اسلحہ اٹھانے کا ذکر ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ امریکی شہریت کیلئے پہلے اپنے ملک کی شہریت ختم کرنا پڑتی ہے۔

طاہر مشہدی نے تجویز دی کہ ترمیمی بل بلڈوز کرنے کے بجائے اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے دہری شہریت کا بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔