شامی فوج کی ترکی پر گولہ باری قابل مذمت ہے : پاکستان

Hina Rabbani Khar

Hina Rabbani Khar

پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان نے شا می فوج کی طرف سے ترکی کے علاقے میں بلااشتعال گولہ باری کے واقعے کی مذمت کی ہے ۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ترک وزیر خارجہ احمد داد اوگلو نے بدھ کی شام وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کو فون کیا اور انھیں شام کی فوج کی طرف سے ترکی کی سرحدی حدود میں بلا اشتعال گولہ باری کے واقعے کے بارے میں بتایا ۔

جس کے نتیجے میں پانچ بے گناہ ترک شہری ہلاک ہوئے ۔ حنا ربانی کھر نے شام کی فوج کی طرف سے ترکی کے علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے بے گناہ ترک شہریوں کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ترکی کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔