شام کو ہیلی کاپٹروں کی فراہمی،روس نے امریکی تشویش مسترد کر دی

russia syria

russia syria

ماسکو: (جیو ڈیسک) روس نے شام کو ہیلی کاپٹروں کی فراہمی سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کی تشویش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سپلائی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہے۔ روس کے اسلحہ کی برآمد سے متعلق ادارے اور وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ روسی اسلحہ ساز کمپنی روسو برون ایکسپورٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دیگر عالمی معاہدوں کے تحت ہی دیگر ملکوں کو اسلحہ فراہم کرتی ہے اور روس نے شام کو صرف ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کیا ہے جو شہریوں کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی طرف سے شام کو ہیلی کاپٹروں کی فراہمی سے متعلق تشویش کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر سوویت یونین کے دور میں دیئے گئے تھے جنہیں اوور ہالنگ کیلئے روس بھجوایا گیا۔ ترجمان نے کہاکہ شام کے ساتھ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کا معاہدہ 20 سال قبل ختم ہو چکا ہے اور اس معاہدے کی دوبارہ تجدید کی گئی اور شام کو آخری ہیلی کاپٹر 1990 میں فراہم کیا گیا تھا۔