شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی (محمد ارشد) شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل میں سڑکوں کی تعمیر و مرت اور روڈ کارپیٹنگ کا آغاز کردیا گیا ، شاہراہوں اور گلیوں کے گڑھوں کو پر کرنے کے لئے پیچ ورک کے کاموں کو بھی یقینی بنا یا جارہا ہے TMAشاہ فیصل ٹاؤن کی جانب سے زیر زمین یوٹیلٹی سروس اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ شاہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں زیر زمین سروسز میں ٹیکنیکل فالٹ کی درستگی کو سڑکوں کی تعمیر سے قبل یقینی بنا لیں اور کسی بھی سڑک کی کھدائی سے قبل ٹائون ایڈمنسٹریشن کے متعلقہ محکمے کو تحریری طور پر آگاہ کریں کسی بھی ادارے یا فرد کی جانب سے بغیر اجازت سڑکوں اور گلیوں کی کھدائی پر متعلقہ ذمہ دران کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی اور متعلقہ بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن میں TMAشاہ فیصل کی جانب سے مختلف یونین کونسل میں سڑکوں کی تعمیراتی کاموں اور روڈ کارپیٹنگ کے حوالے سے جاری کام کا معائنہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیراتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئی جاسکے۔

اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے اپیل کی کہ شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے یقینی بنا یا جارہا ہے اس کی حفاظت عوام کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بلا جواز کھدائی اور توڑ پھوڑ سے اجتناب کیا جائے اور ایسے فعل میں مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کے متعلقہ محکموں کو فوری اطلاع دی جائے تاکہ علاقائی ترقیاتی منصوبوں کو محفوظ بنا کر عوام کو دیرپا سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا ئی جا سکے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے کہاکہ اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل میں ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن میں شاہراہوں اور گلیوں کی تعمیر کے کام کا آغاز ہوچکا ہے ایک ہفتے کے اندر شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام شاہراہوں کی تعمیر و مرت اور سڑکوں کی پیچ ورک کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔