شاہ فیصل ٹائون میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا آغاز

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل ،صلاحیتوں اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے TMAشاہ فیصل کی جانب سے جاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ٹائون آفیسر انفرا اسلم پرویز ،ڈپٹی ٹائون آفیسر بی اینڈ آر یاسین مغل ،ڈپٹی ٹائون آفیسر انفارمیشن محمد ارشد اور دیگر موجود تھے ۔نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی سہولیاتی کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ بلدیاتی ذمہ دران کو ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں ،محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور ماہ ربیع النور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شاہ فیصل ٹائون کی حدود میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات اور رکاوٹوں کا فوری خاتمہ یقینی بنانے کے ساتھ صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی درستگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ماہ ربیع الاول میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے حوالے سے اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے عوامی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں دورے کے موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے شاہ فیصل ٹائون میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ قبل ازوقت شاہ فیصل ٹائون کے تمام علاقوں میں صفائی وستھرائی کے ساتھ روشنی کے انتظامات کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا آغاز کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول میں شاہ فیصل ٹائون سے برآمد ہونے والے جلوس کے روٹس پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا بھی آغاز کردی گیا ہے اور جلوسوں کے روٹس پر سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں چیف آفیسر نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عبادت گاہوں اور درس گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی مستقل بنیادوں پر درستگی کو یقینی بنا ئیں اور منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ ماہ ربیع الاول کے حوالے سے انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے۔

NISHAT MUHAMMAD ZIA QADRI

NISHAT MUHAMMAD ZIA QADRI