صہبا مشرف کی اکاؤنٹس بحالی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Sehba Musharraf

Sehba Musharraf

انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف کی جانب سے اکاؤنٹس کی بحالی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں صہبا مشرف کی جانب سے اکاونٹس کی بحالی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے 11 اکاونٹس منجمد کئے گئے، جن میں سے 7 اکاونٹس پرویز مشرف کے ذاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صہبا مشرف کی کوئی آمدنی نہیں، مشترکہ اکاونٹ میں بھی پرویز مشرف کی رقم ہے، چودھری ذوالفقار نے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف اشتہاری ہیں۔

ان کے آنے سے پہلے کوئی اکاونٹس بحالی کی درخواست نہیں دے سکتا۔ صہبا مشرف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ کسی بھی ملزم کے مشترکہ اکاونٹ منجمد کرنے سے پہلے انکوائری ہونی چاہئے۔ صہبا مشرف کے وکیل کی جانب سے مزید دستاویزات پیش کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت تک مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دے دی۔ فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست پر فیصلہ 3 اکتوبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔