ضرورت مند افراد کو خون کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، سیف الدین

کراچی: صدر شباب ملی کراچی سیف الدین نے کہا ہے کہ شباب ملی بلڈڈونرز سوسائٹی کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں اب تک لگائے گئے بلڈڈونرز کیمپس میں نوجوانوں نے بہت بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیئے ہیں جس سے بلڈبینک کا قیام عمل میں آچکا ہے اور ضرورت مند افراد کو خون کی فراہمی بھی شروع ہو چکی ہے۔

بلڈبینک میں خون کی جدید بنیادوں پرجانچ ہوتی ہے اور لوگوں تازہ اور صحت مند خون فراہم کیا جارہا ہے ایسے لوگ جو کہ غریب ہوتے ہیں اور خون کا عطیہ یا پیسے نہیں دے سکتے ایسے لوگوں کو خون مفت دیا جارہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شباب ملی بلڈڈونرز سوسائٹی کے تحت گلشن غازی، بلدیہ ٹاؤن میں لگائے گئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نائب صدر کراچی فرہاد گل، انچارج بلڈڈونرزسوسائٹی محمد الیاس،انچارج لیگل ایڈ اسماعیل بلوچ،،ضلعی صدر نذربرکی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں خون کا عطیہ کرنے والوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے اور ان میں بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ شباب ملی ملت کے نوجوانوں کو مقصد حیات اور درست سمت فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ، عام طور پر لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ خون کا عطیہ دینے سے انسان کمزور ہوجاتا ہے یا بیماریوںمیں مبتلا ہوجاتا ہے۔ جو کہ غلط فہمی ہے اور کم علمی کی انتہا ہے اس وجہ کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے لوگوں میں آگاہی کے لئے ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹس تقسیم کئے ہیں۔ ہمارا ملک نوجوانوں کا ملک ہے اور اگر نوجوان اسی طرح آگے بڑھ کر رضاکارانہ طور پر فلاحی کاموں میں اپنی خدمات پیش کریں تو یقیناََ ملک کے حالات بدل سکتے ہیں۔اس کے علاوہ شباب ملی بلڈڈونرز سوسائٹی کے تحت غریب عوام کی امداد بھی شروع کردی گئی ہے اورمستقبل میں مزید فلاحی کاموں کے زریعے غریب عوام کی خدمت کریں گے۔ شباب ملی فلاحی کاموں کے دائرہ کار کو مزید بڑھائے گی اور شہر بھر میں بلڈڈونرز کیمپ جیسی فلاحی سرگرمیاں کی جائیں گی۔اس موقع پر انچارج شباب ملی بلڈڈونرز سوسائٹی محمد الیاس نے کہا کہ اگلا بلڈڈونرز کیمپ 27اپریل کو لگایا جائے گا۔