فلمبندی کے دوران قطرینہ کیف کو سولہ تھپڑ کھانے پڑے

katreena kaif

katreena kaif

بالی وڈ اداکار عمران خان نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ان کی آنے والی فلم میرے برادر کی دلہن کے ایک منظر کی فلمبندی کے دوران انہیں قطرینہ کیف کے سولہ تھپڑ کھانے پڑے۔
ان کے مطابق فلم کے ہدایتکار چاہتے تھے کہ یہ منظر حقیقی اور بھرپور لگے لیکن ہدایتکار کو قطرینہ کے چہرے پر تھپڑ مارنے کے بعد اترنے والا اطمینان اس وقت ہی حقیقی لگا جب وہ سولہ مرتبہ عمران خان کو تھپڑ مار چکی تھیں۔
خیال رہے کہ میرے برادر کی دلہن میں پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ فلم نو ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آٹھ ماہ قبل علیحدگی کے بعد پہلی مرتبہ اداکار بپاشا باسو اور اداکار جان ابراہم کی ملاقات ایک جِم میں اچانک ہوگئی۔
دونوں شاید ایک دوسرے کے ورزش گاہ جانے کے پروگرام سے لاعلم تھے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس آمنا سامنا ہونے کے باوجود دونوں کے درمیان کوئی بات نہیں ہوئی اور وہ ایک دوسرے سے کترا کر نکل گئے۔
جان ابراہم اور بپاشا نے قریبا دس برس ساتھ رہنے کے بعد علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ بھی خبریں ہیں کہ بپاشا اب سلمان خان سے دوستی کی کوشش میں ہیں جن کا نام پہلے ہی جان ابراہم کے دوستوں کی فہرست سے کٹ چکا ہے۔
اب اور بنیں گے کروڑ پتی

کون بنے کا کروڑپتی بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین پروگراموں میں سے ایک ہے
بھارتی ٹی وی کے مشہور شو کون بنیگا کروڑپتی کے پانچویں سیزن کا آغاز پندرہ اگست سے ہو رہا ہے۔ اس مرتبہ شو کی ٹیگ لائن ہے کوئی بھی انسان چھوٹا نہیں ہوتا۔
بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن نے بتایا کہ جب وہ اس پروگرام میں حصہ لینے والے افراد سے ملتے ہیں تو انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ کبھی کسی کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اپنے اہلخانہ میں سے کسی کو اس پروگرام میں بھیجنا ہو تو وہ اپنی بیٹی شویتا کا انتخاب کریں گے کیونکہ وہی زیادہ تر سوالوں کے جواب جانتی ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کبھی خود وہ ہاٹ سیٹ پر بیٹھے تو بیس ہزار روپے سے زیادہ نہیں جیت پائیں گے کیونکہ ان کا جنرل نالج زیادہ اچھا نہیں۔

اداکاری کے میدان میں جھنڈے گاڑنے کے بعد سابق ملک حسن پرینکا چوپڑہ نے گلوکاری شروع کر دی ہے اور ایک بین الاقوامی البم کی ڈیل بھی سائن کر لی ہے۔
فیشن، دوستانہ، کمینے اور سات خون معاف جیسی فلموں کی ہیرن نے یہ عالمی ریکارڈنگ معاہدہ یونیورسل میوزک گروپ اور دیسی ہٹس کے ساتھ کیا ہے جس کے تحت پرینکا کی البم عالمی مارکیٹ میں ریلیز کی جائے گی۔

شیلا کی جوانی کی مقبولیت نے قطرینہ کیف کی ڈیمانڈ میں جو اضافہ کیا ہے اس کے نتیجے میں وہ اب بالی وڈ میں رقص کے ماہر ہیرو ریتک روشن کے ہمراہ ایک میوزک ویڈیو میں تھرکتی نظر آئیں گی۔
یہ ویڈیو بالی وڈ کے رقاص گنیش ہیگڑے کی آنے والی البم لیٹس پارٹی کے ایک نغمے کی ہے جس میں قطرینہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ تاہم گنیش ہیگڑے کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں دیکھنے کی اصل چیز وہ ڈانس سٹیپس ہیں جو ریتک اور انہوں نے ساتھ کیے ہیں۔