قومی وطن پارٹی اور پاکستانی قوم کسی صورت بھی اپنے ملک میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کر ے گی ، محمد فیصل میر

اسلام آباد (محمدبلال احمد بٹ) قومی وطن پارٹی شیرپائو کے محمد فیصل میر نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی اور پاکستانی قوم کسی صورت بھی اپنے ملک میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کر ے گی چاہے وہ فاٹا ، سرحد ہو یا بلوچستان حکمران اتحاد میں شامل جماعت کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے کہ افغانستان میں کوئی جنگ نہیں ہے اور اصل میدان جنگ پاکستان ہے محمد فیصل میرنے اس بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ انتہائی افسوسناک ہے اگر افغانستان میں کوئی جنگ نہیں تو پھر امریکہ مزید افواج کیوں بھیج رہا ہے۔

انھوں نے اس بات کو قطعی طور پر غلط قرار دیا کہ جنگ پاکستان کی سرحد پر موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کا منطق اور استدلال امریکہ اور افغانستان پیش کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس اس سلسلے میں کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعت کو بیرونی اشاروں پر چلنے کی بجائے محتاط رویہ اپنا کر پاکستان کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔

محمد فیصل میرنے کہا کہ مذکورہ جماعت کو شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے ٹائم فریم کا مطالبہ کرنے کی بجائے دیکھنا چاہیے کہ پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد پہلے سے موجود ہے اور اس پر عمل کرنے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اب یہ حکمران اتحاد پر منحصر ہے کہ اس قرارداد کو عملی جامعہ پہنائے۔ انھوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل پاکستان میں موجود ہے اور جو لوگ اس قسم کی بیان بازی کرتے ہیں وہ دراصل ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں موجود جماعتوں میں تضادات پائے جا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ایشو پر ان میں ہم آہنگی کا فقدان ہے۔