لندن اولمپکس: دوسرے روز کے مقابلے شروع

 

london olympics 2012

london olympics 2012

.برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جاری تیسویں اولمپکس کے مقابلوں کے دوسرے روز چودہ طلائی تمغوں کے لیے مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

مقابلوں کے دوسرے روز تیراکی کے مقابلے سرفہرست رہیں گے جن میں امریکی تیراک مسی فرینکلن سات مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

اس کے علاوہ روس کی ماریا شیراپوو ا ٹینس کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

سنیچر کو پہلے روز چین چھ تمغوں کے ساتھ سرِ فہرست رہا ہے۔ چین کے بعد اٹلی اور امریکہ نے پانچ پانچ میڈل جیتے ہیں۔ امریکی تیراک مائیکل فلپ کوئی تمغہ حاصل نہیں کر پائے جبکہ امریکہ ہی کے رائن لاکتی نہ چار سو میٹر میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔

لندن اولمپکس کے مقابلوں کے پہلے روز چین نے کل چھ تمغے حاصل کیے جن میں چار طلائی اور دو کانسی کے تمغے ہیں۔

چین نے خواتین کی دس میٹر اییر رائفل شوٹنگ، مردوں کی چار سو میٹر تیراکی، خواتین کی چار سو میٹر تیراکی اور خواتین کی ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغے حاصل کیے۔

چین نے خواتین ہی کی دس میٹر شوٹنگ اور خواتین کی چار سو میٹر تیراکی میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

چین کی طرف سے خواتین کی چار سو میٹر تیراکی میں طلائی تمغہ جیتنے والی یے شیون نے نیا عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔

اس ریکارڈ کے ساتھ ابھی تک لندن اولمپکس میں تین نئے ریکارڈ بنائے جا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ چار سال پہلے بیجنگ اولمپکس میں 47 نئے ریکارڈ قائم کیے گئے تھے جبکہ سنہ دو ہزار چار میں ایتھنز میں ہونے والی اولمپکس میں بارہ نئے ریکارڈ قائم کیے گئیتھے۔

چین کے بعد دوسرے نمبر پر اٹلی ہے جس نے پانچ میڈل حاصل کیے ہیں جن میں دو طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل ہے۔

اٹلی نے مردوں کی تیر اندازی اور خواتین کی شمشیر زنی میں دو طلائی تمغے جیتے۔

اولمپکس کے پہلے روز تمغوں کی دوڑ میں امریکہ تیسرے نمبر پر رہا۔ امریکہ نے ایک طلائی اور دو دو چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

امریکہ کے تیراک رائن لاکتی نے چار سو میٹر میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ اولمپکس میں چودہ طلائی تمغے جیتنے والے امریکی تیراک مائیکل فلپ چار سو میٹر کے مقابلیمیں چوتھی پوزیشن پر آئے۔ اس سے قبل مائیکل چار سو میٹر سے باہر ہوتے ہوتے رہ گئے۔ مائیکل فلپ نے چار سو میٹر ریس کی ہیٹس میں چار منٹوں اور تیرہ اعشاریہ تینتیس سکینڈ میں طے کر بمشکل فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

قزاقستان کے سائیکلسٹ الیگزینڈر وینوکرو نے مردوں کو دو سو پچاس میل لمبی روڈ ریس جیت کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ برطانیہ کو امید تھی کہ سائیکلسٹ مارک کیونڈش اور بریڈلی وگنز میں سے کوئی ایک پہلا طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگا۔

خواتین کے ڈبل ٹینس میں تائیوان کی چوانگ چی جنگ اور سو وی نے بھارت کی رشمی چکراورتی اور ثانیہ مرزا کو 1-6, 6-3 اور 1-6 سے شکست دے دی۔ اس طرح ثانیہ مرزا اور رشمی چکراورتی خواتین ٹینس کے ڈبلز مقابلوں سے باہر ہو گئیں ہیں۔