لندن میں 29 جون سے 7 جولائی 2012ء تک عالمی اردو کانفرنس

TE Zulfi

TE Zulfi

برطانیہ: (انجم بلوچستانی) لندن بیورو اوراردو سوسائٹی کے عامر علی خان کے مطابق برطانیہ اور جرمنی کی مختلف علمی وادبی تنظیمات کی جانب سے لندن میں٢٩جون ٢٠١٢ئ سے ٧جولائی ٢٠١٢ئ تک لندن ،برطانیہ میں عالمی سطح کی علمی اور ادبی تقریبات اور سالانہ اجتماعات کا شاندار اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے کا پہلا پروگرام عالمی اردو تحریک یو کے،اردو سوسائٹی لندن اور حاجی شریف احمد ایجوکیشنل اینڈ لٹریری اکیڈمی جرمنی نے مل کر ترتیب دیا ہے،جو پہلے تین دن ہوگا۔ ان کے علاوہ یورپین اردو رائٹرز سوسائٹی یو کے اوربزمِِ شعر و ادب یوکے کے زیرِ اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ان تقریبات میں خاص بات یہ ہے کہ اس میں شرکت کی خصوصی دعوت اور انتظام کے تحت ٹورانٹو،کینیڈا میں آباد نامور ادبی اسکالر،کئی کتابوں کے مصنف،شاعر ،دانشور، کراچی یونیورسٹی گریجویٹس فورم کے چیرمین ،اردو ٹی وی کینیڈا کے سربراہ تسلیم الٰہی زلفی لندن تشریف لارہے ہیں۔

جمعتہ المبارک کے روز٢٩جون کو عالمی سیمینار سے ان اجتماعات کا آغاز ہو گا۔ سیمنار کا موضوع ”اردو کی نئی بستیوں میں خواتین کا تخلیقی کردار” ہے۔٣٠جون،بروز ہفتہ تسلیم الٰہی زلفی کی صدارت میں منعقد ہونے والے عالمی مشاعرہ میں دنیا بھر کے ممتاز شعراء کرام کو مدعو کیا گیا ہے۔ یکم جولائی،اتوار کے روز شریف اکیڈمی کے زیرِ اہتمام لندن کی ممتاز شاعرہ فرزانہ فرحت کے شعری مجموعہ ”خواب خواب زندگی” کی تقریبِ اجراء زلفی صاحب کے ہاتھوں انجام پائے گی۔جس کے بعد عالمی محفلِ مشاعرہ منعقد ہو گی۔٦جولائی،بروز جمعہ یورپین اردو رائٹرز سوسائٹی کی جانب سے تسلیم الٰہی زلفی کے اعزاز میں’ تقریبِ اعترافِ کمال’ منعقد کی جائے گی،جس میں انہیں ”افتخارِ اردو”ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔اس سلسلے کی آخری تقریب ٧جولائی،ہفتہ کے دن بزمِ شعرو ادب یوکے کی جانب سے اسکے قیام کے دس سالہ جشن کی صورت میں منعقد ہوگی۔اس موقع پر تسلیم الٰہی زلفی کوان کی پچاس سالہ علمی، ادبی اور تخلیقی خدمات کے اعتراف میں”ایکسی لینس ایوارڈ” پیش کیا جائے گا ۔اس جشن میں تسلیم الٰہی زلفی کی صدارت میں ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا ،جس میںعالمی سطح کے شعرائے کرام کے علاوہ مقامی شاعرات وشعراء بھی شرکت فرمائیں گے۔ مزید معلومات کے لئے اردو سوسائٹی کے صدر عامر علی خان سے لندن، برطانیہ میں فون نمبر: 020 7898 4996 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔