لیجنڈ کامیڈین رنگیلا،ہررنگ نرالا،انداز جدا

rangeela

rangeela

لاہور: (جیو ڈیسک) لالی ووڈ کی تاریخ میں کئی ایسے فنکارآئے ، جن کے انداز تھے جداگانہ ایسے ہی ایک اداکار۔ سعید خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور باڈی بلڈرکیا بعد میں انہوں نے فلمی پوسٹرز پینٹ کرنا شروع کردیئے. پینٹنگ کرتے کرتے وہ اسی فلمی صنعت کا حصہ بن گئے اور پھر پوسٹرز پر سعید خان کی تصویر فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جانے لگی . جی ہاں انہی سعید خان کو دنیا رنگیلا کے نام سے جانتی ہے۔

ایسا لگتا ہیکہ قدرت نے رنگیلا کے ذمہ انسانوں میں خوشیاں بانٹنے کا کام لگایا تھا۔ جب ہی انہوں نے باڈی بلڈنگ اور پینٹنگ ترک کرکے قہقہے بکھیرنے کا بیڑا اٹھایا۔ رنگیلا نے اداکاری کا آغاز انیس سو اٹھاون میں فلم جٹی سے کیا ،ان کی مشہور فلموں میں چوڑیاں،بدنام،ہمراہی،سوال،بھریا میلہ،گدھا اور انسان، لاڈو،رنگیلا اور منورظریف شامل ہیں ۔ انہوں نے کئی فلموں میں ہدایتکاری کے جوہربھی دکھائے۔ رنگیلا کا انداز ایسا کہ انگ انگ سے مزاح کے شگوفے پھوٹتے تھے۔ ان کے پردہ ا سکرین پر نمودار ہوتے ہی سینما ہال قہقہوں سے گونجنے لگتا۔

روایتی تعلیم سے محروم رنگیلا کو قدرت نے تخلیقی ذہن عطا کیا تھا۔ انہوں نے جہاں مزاحیہ اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا، وہیں وہ ایک کامیاب گلوکار، موسیقار،ہدایتکار، مصنف اور فلمساز بھی تھے۔ رنگیلا کا ہر رنگ نرالا اور انداز جدا تھا جسے شائقین کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ کل قہقہے بکھیرنے والے رنگیلا کی برسی منائی گئی ہے ۔