لین دین کے تنازعہ پر ہونے والے تصادم کے دوران متحارب فریقین کا ایک ایک نوجوان ہلاک

گجرات:لین دین کے تنازعہ پر فریض کے درمیان ہونے والے تصادم کے دوران متحارب فریقین کا ایک ایک نوجوان ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ، باہم تصادم کے موقعہ پر جدید ترین آتشیں اسلحہ کے بے دریغ استعمال سے علاقہ میں سراسمیگی پھیل گئی ، لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ، اطلاع ملنے والی ، تفصیلات میں معلوم ہوا ہے کہ محمد افضال بٹ عرف ملنگی بٹ سکنہ درباری محلہ لالہ موسیٰ کا محمد عارف بٹ ولد محمد خاں بٹ سکنہ محمد سردار پورہ سے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا ، گزشتہ روز صبح کے وقت افضال بٹ عرف ملنگی بٹ اپنے ساتھیوں محمد اسلم بٹ عرف پپنی بٹ اور چوہدری مختار احمد ولد بہادر علی کے ساتھ محمد عارف بٹ کے پاس اپنی رقم کے تقاضہ کے لئے پہنچا جہاں فریقین کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کے بعد دونوں اطراف سے ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجہ میں محمد عارف بٹ گروپ کا ایک نوجوان محمد اشفاق بھٹی سکنہ شیخوپورہ موقعہ پر جاں بحق ہو گیا ، جبکہ ملنگی بٹ ، پپبنی بٹ اور چوہدری مختار موقعہ پر زخمی ہو گئے ، تاہم افضال بٹ عرف ملنگی بٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا ، معلوم ہوا ہے کہ صدر پولیس لالہ موسیٰ نے دونوں متحارب فریقین کے خلاف کراس مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ، جبکہ تصادم کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد کے پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے سپرد کر دی گئیں ہیں ، جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ متحارب فریقین کے درمیان جدید آتشیں اسلحہ سے کافی دیر تک فائرنگ ہوتی رہی ، اطلاع کے باوجود صدر پولیس حسب روایت موقعہ پر تاخیر سے پہنچی ۔