مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کی زیر صدارت صوبائی عہدیداران کا ہنگامی اجلاس

کراچی(جی پی آئی) مسلم لیگ کے صوبائی سیکریٹریٹ میں مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس۔ مسلم لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ کے گھر پولیس اور ایلیٹ فورس کے دھاوے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کی مذمت۔ حلیم عادل شیخ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں دھت خادم اعلی پنجاب بال ٹھاکرے کی طرز پر پنجاب حکومت چلا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے جاں نثار ملک کے کونے کونے میں بیٹھے ہیں ہم امن پسند لوگ ہیں ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاررائیاں کرنے کی بجائے گڈ گورنس پر توجہ دے۔ پنجاب حکومت کی انتقامی سیاست کا بھیانک چہرہ قوم نے دیکھ لیا ہے واقعہ پنجاب حکومت کی نالائقی اور بے حسی کی بدترین مثال ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ معافی مانگی جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

اجلاس میں شریک سیکریٹری ایڈمنسٹریشن نعیم عادل شیخ، خان بہادر شر، عبداللطیف رند، غلام مصطفی ملاح، سیف اللہ خان، ریاض پالاری، افشاں عمران، بانو صغیر صدیقی، فریدہ لغاری، سائرہ ملک، سلمہ مری اور کراچی و صوبائی ڈویژن کے عہدیداران نے بھرپور تعداد میں شرکت کی اور پنجاب حکومت کی اس مذموم کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت غیر جمہوری رویوں کی راہ ہموار کررہی ہے۔ پنجاب حکومت انتہا پسندی کی سیاست سے باز رہے جس دیدہ دلیری کے ساتھ چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ کے گھر پنجاب حکومت کی ایما پر پولیس اور ایلیٹ فورس نے گھر میں گھس کر حملہ کیا وہ ناقابل برداشت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہوگی۔