مصر :فوج کیخلاف احتجاج جاری، جھڑپوں میں 13افراد ہلاک

egypt

egypt

مصر میں اقتدار سویلین کے حوالے کرنے کیلئے احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے،قاہرہ کے تحریر اسکوائر اور دیگر شہروں میں جھڑپوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے، جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔ امریکا اور یورپی یونین نے کہا ہے کہ مصرکی حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں اور عرب ٹی وی کے مطابق قاہرہ کے تحریر اسکوائر سے شروع ہونے والا احتجاج مصر کے دوسرے شہروں اسکندریہ، سوئیز اور دیگر شہروں تک پھیل گیاہے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورس سے تازہ جھڑپوں میں بارہ افراد ہلاک جبکہ دوسو کے قریب زخمی ہوگئے۔
گزشتہ روز تحریر اسکوائر میں جھڑپوں کے دوران تین افراد ہلاک اور سات سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ملک بھر میں مظاہرہ کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ فوج صدارتی انتخاب تک اقتدار میں رہنا چاہتی ہے۔ اور یہ انتخاب اگلے سال یا دوہزار تیرہ میں ہونے کا امکان ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ کی فوج انتخابات سے پہلے اقتدار سویلین کے حوالے کرے۔ ادھر امریکی محکمہ خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیانات میں مصری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مظاہرین کے خلاف تشدد فوری طور پر بند کیا جائے۔