مصر میں فوجی اقدامات کے خلاف عوام التحریر اسکوائر پر جمع

egypt protest

egypt protest

مصر : (جیو ڈیسک) مصر میں التحریر اسکوائر پر مصری عوام نے جمع ہوکر جمہوریت کی کامیابی کے حق میں نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ فوج فوری صدر کے خلاف آئینی آرڈیننس منسوخ کر کے اقتدار عوامی نمائندوں کے حوالے کرے۔ مصر میں فوج کی جانب سے آئینی صدر کے کردار کو محدود کرنے کے خلاف معروف تحریر اسکوائر پر ہزاروں مظاہرین احتجاج کے لیے جمع ہوگئے۔ مظاہرین نے احتجاج سے پہلے تحریر اسکوائر میں عبادت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں فوج کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین میں ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔ رکن پارلیمنٹ محمد اوف نے سول نافرمانی کا اعلان کرتے ہوئے مصر کی فوج کے خلاف جھنڈا بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوج کی بالادستی نہیں مانتے، میں سب پولیس والوں اور دیگر بہادر مصریوں کو فوج کے خلاف احتجاج کی دعوت دیتا ہوں۔ کیا تم لوگوں کو یاد نہیں اسی تحریر اسکوائر پر اٹھارو روزہ احتجاج کے بعد حسنی مبارک نے اپنی آمریت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا،انہوں نے متنبہ کیا کہ فوج نو دنوں میں آئینی اصلاحات واپس لے۔