منتخب حکومت کی مدت کی تکمیل ہی جمہوریت کا حسن ہے ،پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی

کراچی پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہاہے کہ منتخب حکومت کی مدت کی تکمیل ہی جمہوریت کا حسن ہے،ملک میں پائیدار جمہوریت کے قیام میں جہاں حکومت اور اس کی اتحادی پارٹیاں لائق تحسین ہیں وہیں اپوزیشن کے کردار کوبھی پس پش نہیں ڈالا جاسکتا ،حزب اختلاف کے کردار کے باعث ہی موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اس حقیقت سے انحراف ممکن نہیں کہ ملک میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے جس کے نتیجے میں ڈگڈگیاں بجانے والے سیاسی مداری اب قوم کومزید بیوقوف بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفترمرزا ہائوس میں منعقدہ پارٹی اجلاس کے موقع پر شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارشدمرزا،عبدالحمید مغل ،ڈاکٹر ایس ایم حسین ،علی بہادر خان ،عبدالحکیم، عبدالمجیدقریشی،سلیم نیازی ،ڈاکٹر محبوب رانا، سعید احمدلاشاری ،قاری نذیر سیفی ودیگر بھی موجودتھے، بشارت مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم میں جاگنے والا شعور اس بات کی غمازی کر رہا ہے ۔

کہ جمہوریت کوڈی ریل کرنے کے خواب دیکھنے والے اپنی سازشوں میں ناکام ونامراد ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے قیام اورا مریت کے خاتمے کے لئے طویل جدوجہد اور بے مثال خدمات انجام دی ہیں ، اور شرافت کی سیاست کوفروغ دینے میں اہم کرداراداکیا ہے اور آئندہ بھی بابائے جمہوریت نوابزادہ
نصراللہ خان کے بے مثل کردار کودہراتے رہیں گے۔